شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او
سی) پرتین فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔ ایک فوجی اہلکار کی لاش مسخ کردی گئی
ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے یو
این آئی کو بتایا ایل او سی پر ہمارے تین جوان شہید ہوئے ہیں۔ انہوں
نے مزید کہا ایک فوجی جوان کی لاش مسخ کردی گئی ہے۔ اس دوران فوج کی
شمالی کمان نے ایک ٹویٹ میں کہا مژھل میں ہمارے تین فوجی شہید ہوئے ہیں۔
ایک لاش مسخ کی گئی ہے۔ اس بزدلانہ کاروائی کا جواب سخت ہوگا۔ تاہم
کرنل راجیش نے یہ
نہیں بتایا کہ آیا فوجی اہلکار جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ میں
مارے گئے یا پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے نتیجے میں۔ انہوں
نے صرف یہ کہا ایل او سی پر تین فوجی کاروائی میں مارے گئے۔ خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کا ایک اہلکار
مندیپ سنگھ اُس وقت ہلاک ہوگیا جب پاکستانی فوجیوں نے مژھل سیکٹر میں جنگ
بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے بھارتی فوجی کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا
تھا۔ اس کے بعد 9 نومبر کو اسی سیکٹر میں پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ کے
نتیجے میں ایک اور فوجی اہلکار ہلاک ہوا تھا۔